خلاصہ
- تعلیم کا بجٹ 10، واٹر سپلائی 7 اور صحت کا 22 فیصد بڑھایا جائیگا۔ لیپ ٹاپ سکیم کیلئے ساڑھے 4 ارب روپے رکھنے کی تجویز بھی زیرغور آئی۔ ترجمان پنجاب حکومت ملک احمد خان کے مطابق پنجاب حکومت نے آئندہ مالی سال میں تعلیم، صحت اور صاف پانی پر خصوصی توجہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب حکومت نے آئندہ مالی سال میں عوامی منصوبوں کے لئے فنڈز بڑھانے کا فیصلہ کر لیا۔ پنجاب حکومت کو آئندہ مالی سال 18۔2017ء کے ترقیاتی بجٹ کو 550 ارب سے بڑھا کر 635 ارب روپے کرنیکی تجویز دیدی گئی۔ آئندہ بجٹ میں تعلیم اور صحت پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ اعلیٰ حکومتی عہدیداروں نے اپنی تجاویز پیش کیں جن کے بعد سفارشات بھی مرتب کر لی گئیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے سفارشات کی تیاری میں ٹیم کی مکمل رہنمائی کی۔ سفارشات کے مطابق صاف پانی کی فراہمی کے لئے 30 ارب روپے مختص کئے جائیں گے۔ پنجاب کے ٹرانسپورٹ بجٹ میں 8 فیصد کا اضافہ کیا جائے گا۔ آئندہ مالی سال اورنج لائن ٹرین کے لئے 93 ارب روپے مختص کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ روڈ سیکٹر کیلئے 95 ارب روپے کا بجٹ رکھا جائے گا۔ محکمہ سکولز کے بجٹ میں بھی 10 فیصد کا اضافہ کیا جائے گا اور ساڑھے 52 ارب روپے محکمہ سکولز کیلئے مختص ہوں گے۔ اس کے علاوہ ہائر ایجوکیشن کا بجٹ 19 فیصد اضافے کیساتھ ساڑھے 20 ارب رکھنے کی سفارش کی گئی ہے۔ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کیلئے 30 ارب کے فنڈز رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے لئے 25 ارب 70 کروڑ مختص ہوں گے۔ واٹر سپلائی اینڈ سینیٹیشن کا بجٹ 7 فیصد اضافے کیساتھ 48 ارب رکھنے کی تجویز زیرغور ہے۔ پنجاب بھر کے سرکاری تعلیمی اداروں میں لیپ ٹاپس کی فراہمی کے لئے ساڑھے 4 ارب مختص ہوں گے۔ ترجمان پنجاب حکومت ملک احمد خان کے مطابق پنجاب حکومت نے آئندہ مالی سال میں تعلیم، صحت اور صاف پانی پر خصوصی توجہ دینے کا فیصلہ کیا ہے اور ہر پراجیکٹ کے لئے خصوصی فنڈز بھی رکھے جا رہے ہیں۔
