غلط مشوروں کی وجہ سے آپ کو مشکلات کا سامنا ہے، چودھری نثار کا وزیر اعظم سے شکوہ

Published On 14 Jul 2017 11:16 PM 

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں چودھری نثار کا وزیر اعظم سے کہنا تھا کہ آپ نے مخلصانہ مشوروں کو نظر انداز کیا، جس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ چودھری صاحب! جتنی وفاداری دکھائی، اس سے بڑھ کر آپ کو عزت دی۔

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی کابینہ کے اجلاس کی اندرونی کہانی منظر عام آ گئی۔ دنیا نیوز کے ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ کے درمیان مکالمہ ہوا جس میں چودھری نثار کا کہنا تھا آپ اور پارٹی سے میری وفاداری پر کوئی شبہ نہیں کر سکتا۔ میں نے آپ کو ہمیشہ مخلصانہ مشورہ دیا لیکن آپ نے میرے مشوروں کو نظر انداز کیا۔ غلط مشوروں کی وجہ سے آج آپ اور پارٹی کو مشکلات کا سامنا ہے۔ پانچ رہنماؤں کی جانب سے اداروں کیخلاف سخت زبان استعمال نہیں کرنا چاہیے تھی۔

اس کے جواب میں وزیر اعظم نے چودھری نثار سے کہا کہ میں نے بھی آپ کی ہمیشہ کھل کر بات کرنے کی حوصلہ افزائی کی۔ آپ نے جتنی وفاداری دکھائی، میں نے بھی بڑھ کر آپ کو عزت دی۔ آپ جو شکوے کر رہے ہیں وہ علیحدگی میں بھی کر سکتے تھے۔

ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان وفاقی کابینہ کے اجلاس میں نا صرف تاخیر سے پہنچے بلکہ وفاقی وزیر رانا تنویر کے خطاب کے دوران اجلاس سے چلے گئے۔