ملالہ یوسفزئی نے آکسفورڈ یونیورسٹی میں داخلہ حاصل کر لیا

Published On 17 Aug 2017 05:17 PM 

پاکستان کی نوبل انعام یافتہ طالبہ ملالہ یوسفزئی کو آکسفورڈ یونیورسٹی میں داخلہ مل گیا ہے، جہاں وہ اکنامکس، فلاسفی اور سیاست میں تعلیم حاصل کریں گی۔

لندن: (ویب ڈیسک) نوبل انعام یافتہ پاکستانی طالبہ ملالہ یوسفزئی کو دنیا کی بہترین جامعات میں سے ایک آکسفورڈ یونیورسٹی میں داخلہ مل گیا ہے جہاں وہ فلاسفی، سیاست اور اکنامکس میں تعلیم حاصل کریں گی۔ ملالہ نے رواں سال ہی بتایا تھا کہ برطانیہ کی ایک یونیورسٹی نے کہا ہے کہ اگر وہ اے لیول امتحانات میں تین اے حاصل کر لیں تو انہیں داخلہ دیدیا جائے گا۔

اس خوشخبری بارے انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر کے ذریعے بتایا اور کہا کہ وہ آکسفورڈ میں تعلیم کے حصول کیلئے جانے پر بہت خوش ہیں۔ انہوں نے اپنے ٹویٹ میں اے لیول امتحانات میں کامیاب ہونے والے دیگر طالب علموں کو بھی مبارکباد دی۔

خیال رہے کہ پاکستان کی سابق وزیر اعظم محترمہ بینظیر بھٹو، میانمار کی رہنماء آنگ سان سوچی، سابق برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون ان ممتاز شخصیات میں شامل ہیں جنہوں نے آکسفورڈ یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کی۔

 

ملالہ یوسفزئی نے 2014ء میں صرف 17 سال کی عمر میں نوبل امن انعام حاصل کر کے پوری دنیا میں پاکستانی قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا تھا۔ انھیں یہ اعزاز انسانی حقوق اور بچیوں کی تعلیم کیلئے ان کی کوششوں کے اعتراف میں دیا گیا۔

ملالہ پاکستان کے علاقے سوات کی رہائشی تھیں اور وہاں لڑکیوں کے تعلیم کے حق میں مہم چلا رہی تھیں، جس پر طالبان نے 2012ء میں ان پر قاتلانہ حملہ کر کے انھیں شدید زخمی کر دیا تھا۔ ملالہ کو اس وقت سر میں گولی ماری گئی تھی جب وہ سکول سے گھر جا رہی تھیں۔ اس حملے کے بعد ملالہ پوری دنیا میں مشہور ہوئیں اور انہیں ان کے خاندان کے ساتھ پاکستان سے برمنگھم منتقل کر دیا گیا۔