وفاقی کابینہ کا اجلاس، روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام کیخلاف مذمتی قرارداد منظور

Published On 07 Sep 2017 09:48 PM 

وفاقی کابینہ نے میانمار میں روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام کے خلاف مذمتی قرارداد منظور کر لی۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ میانمار میں ریاستی اداروں کی سرپرستی میں مسلمانوں کی نسل کشی کی جا رہی ہے۔ اقوام متحدہ روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام کا نوٹس لے۔

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں میانمار میں روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام کے خلاف مذمتی قرارداد منظور کی گئی۔ قرارداد میں روہنگیا مسلمانوں کا قتل ریاستی دہشتگردی قرار دیتے ہوئے اقوام متحدہ سے مسلمانوں کی نسل کشی بند کرانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

کابینہ اجلاس کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ حکومت پاکستان میانمار میں ریاستی اداروں کی سرپرستی میں خواتین اور بچوں سمیت مسلمانوں کے قتل عام کی مذمت کرتی ہے۔ مسلمانوں کی نسل کشی نے میانمار کی جمہوری قیادت کی منافقت بے نقاب کر دی ہے۔ روہنگیا مسلمانوں پر تشدد عالمی ضمیر اور مہذب معاشروں کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔ قرارداد میں کہا گیا کہ حکمران جماعت کی سربراہ اور نوبل انعام یافتہ آنگ سان سوچی مسلمانوں کا قتل عام روکنے کے لیے کردار ادا کریں۔