اجلاس میں حلقہ بندیوں سے متعلق آئینی ترمیم کے معاملے پرغور ہوگا، وزیر قانون اپوزیشن جماعتوں سے مشاورت پر بریفنگ دینگے۔
اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی کابینہ آج اجلاس میں حلقہ بندیوں سے متعلق آئینی ترمیم کے معاملے پر غور کرے گی۔ زاہد حامد سیاسی جماعتوں سے مشاورت پر بریفنگ دیں گے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں وفاقی کابینہ 17 نکاتی ایجنڈے پر غور کرے گی۔ ایجنڈے میں اسلحہ لائسنس کی ریگولرائزیشن پالیسی کی منظوری بھی شامل ہے جس سے اسلحہ لائسنس کے اجراء پر عائد پابندی اٹھا لی جائے گی۔ اجلاس میں پاکستان اور امریکا کے درمیان ایم او یو کی منظوری بھی متوقع ہے جس کے تحت امریکا کو افغانستان کیلئے کارگو لیجانے کی سہولت دی جائے گی۔
کابینہ سٹیٹ بینک، زرعی ترقیاتی بینک اور ایچ بی ایف سی میں رقوم کی ایڈجسٹمنٹ اور پی آئی اے کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے الیکشن کی منظوری بھی دے گی۔ دواؤں کی ریٹیل پرائس کی زیادہ سے زیادہ حد متعین کرنے کی سمری پر بھی غور کیا جائے گا۔