حق کیلئے احتجاج پر حیرانی نہیں ہونی چاہیے، حکومت شام تک وکلا کے ساتھ مذاکرات کرے گی: رانا ثناء اللہ
ملتان: (دنیا نیوز) نیو جوڈیشل کمپلیکس میں سہولیات کے فقدان پر وکلاء نے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی عدالت کا گھیراو کیا۔ احتجاجی وکلاء نے سیشن دفاتر کے شیشے توڑے اور مطالبات کے حق میں نعرے بازی کی۔
احتجاجی وکلاء کا سیشن عدالت کے سامنے دھرنا دیتے ہوئے کہنا تھا کہ جب تک نیو جوڈیشل کمپلیکس میں سہولیات فراہم نہیں کی جاتیں اسوقت تک عدالتوں کو واپس لایا جائے۔ وکلاء کو توڑ پھوڑ کرنے سے روکنے کے لیے پولیس سامنے آئی لیکن وکلاء کی تعداد زیادہ ہونے کی وجہ سے پولیس بھی کچھ نہ کر پائی۔ وکلاء کی جانب سے توڑ پھوڑ کرنے پر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ضیغم عباس رضوی کا کہنا تھا کہ ہنگامہ آرائی کرنے والے وکلاء کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔
صوبائی وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے ملتان میں وکلاء کی ہنگامی آرائی کی حمایت کر دی اور کہا اچھی بات ہے اس طرح وکلا کی بات سنی جائیگی، وکلا کی پہلے کوئی نہیں سن رہا تھا۔ رانا ثنا اللہ نے دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا حق کیلئے احتجاج پر حیرانی نہیں ہونی چاہیے، حکومت شام تک وکلا کے ساتھ مذاکرات کرے گی۔