'فاٹا اصلاحات کا مسئلہ حل ہونے تک قومی اسمبلی میں احتجاج جاری رہے گا'

Published On 13 Dec 2017 06:14 PM 

فاٹا اصلاحات کا معاملہ جوں کا توں رہا، کورم پورا نہ ہونے پر قومی اسمبلی کا اجلاس ملتوی ہو گیا، خورشید شاہ نے کورم پورا نہ ہونے کا ذمہ دار نواز شریف کو قرار دے دیا، کہتے ہیں فاٹا اصلاحات کا مسئلہ حل ہونے تک قومی اسمبلی میں احتجاج جاری رہے گا۔

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فاٹا اصلاحات کا مسئلہ حل ہونے تک قومی اسمبلی میں احتجاج جاری رہے گا، چاہتے ہیں کہ فاٹا کو بھی وہی حقوق ملیں جو دیگر شہریوں کو حاصل ہیں، فاٹا میں امن کی ضمانت فاٹا اصلاحات ہیں۔

قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے مزید کہا کہ قومی اسمبلی میں کورم نہ پورا ہونے کے ذمہ دار نواز شریف ہیں، نواز شریف کے ہوتے ہوئے بھی اسمبلی کا کورم پورا نہیں ہوتا تھا، حکومت اپنی ناکامی اپوزیشن پر ڈالنے کی کوشش کرتی ہے۔

قائد حزب اختلاف نے یہ بھی کہا کہ حلقہ بندیوں کے معاملے پر جمعہ کے دن حکومت اپوزیشن مذاکرات سے پُرامید ہیں، امید ہے جمعہ کو وزیر اعظم سے بات چیت میں حل نکل آئے گا۔