ہمارے خلاف کچھ ملے تو سامنے لایا جائے ورنہ نیب ایمانداری سے کہہ دے ہم ٹھیک ہیں، تمام آمدن اور اثاثہ جات سے نیب کو آگاہ کر دیں گے: چوہدری شجاعت
لاہور: ( رونامہ دنیا )چودھری برادران نیب حکام کے سامنے آج دوبارہ پیش ہوں گے، نیب لاہور نے چودھری شجاعت اور چودھری پرویز الٰہی کو آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے الزام میں ایک ماہ قبل بھی طلب کر کے سوال نامہ دیا تھا کہ جوابات 23 نومبر تک جمع کرا دیں، دوسری جانب چودھری برادران نے نیب کے سوالنامے کاجواب تیار کرلیا۔
چودھری شجاعت نے کہا نیب سیاستدانوں، بیور و کریٹس اور جرنیلوں سمیت سب سے پوچھ گچھ کر سکتا ہے، ادارے قائم رہنے چاہئیں ،ہمارے خلاف کچھ ملے تو سامنے لایا جائے ورنہ نیب ایمانداری سے کہہ دے ہم ٹھیک ہیں، تمام آمدن اور اثاثہ جات سے نیب کو آگاہ کر دیں گے۔ 1985 سے ہر سال اپنی ریٹرن جمع کرتے آ رہے ہیں، اگر سیاست شروع کرنے سے پہلے کے سوالات پوچھے جائیں گے تو پھر ہم بھی سوال پوچھنے میں حق بجانب ہوں گے۔