اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نئی حلقہ بندیوں اور انتخابی فہرستوں پر نظرثانی کا پندرہ جنوری سے آغاز کرے گا، چاروں چیف سیکریٹریز، چیئرمین نادرا اور سیکرٹری شماریات سمیت تمام متعلقہ حکام کو دو روز کے شارٹ نوٹس پر جمعہ کو طلب کر لیا گیا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق جمعہ کے اجلاس میں چاروں چیف سیکریٹریز، صوبائی الیکشن کمشنرز، سیکریٹری شماریات اور چیئرمین نادرا کو بلایا گیا ہے۔ تمام متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کی جائیں گی کہ وہ نئی حلقہ بندیوں کے لئے افرادی قوت، نقشہ جات اور نئی مردم شماری کا ڈیٹا فراہم کریں۔
یہ بھی پڑھیں: بروقت الیکشن کی راہ میں حائل رکاوٹ دور، حلقہ بندیوں کا بل سینیٹ سے بھی منظور
الیکشن کمیشن کو نئی حلقہ بندیوں کیلئے محکمہ شماریات سے تمام اضلاع و تحصیلوں کے شماریاتی چارجز، سرکل اور بلاکس میں آبادی کے سرکاری اعداد و شمار بھی درکار ہوں گے۔ نئی حلقہ بندیوں کی آئینی ترمیم کی تاخیر سے منظوری کے باعث الیکشن کمیشن کو ہنگامی بنیادوں پر کام کرنا پڑے گا۔
یہ بھی پڑھیں: آئینی ترمیمی بل کی منظوری، قبل ازوقت انتخابات کے تمام امکانات ختم