سانحہ ماڈل ٹاؤن: ہائیکورٹ بار کی شہباز شریف، رانا ثنا کو استعفیٰ کیلئے 7 دن کی مہلت

Published On 22 Dec 2017 09:08 AM 

عدلیہ مخالف تقاریرپر نواز، مریم نے معافی نہ مانگی تو قانونی چارہ جوئی کرینگے، سابق وزیراعظم عدلیہ کیخلاف نکلیں گے تو وکلا نواز شریف کیخلاف، سپریم کورٹ کے حق میں نکلیں گے: سیکرٹری ودیگر کی پریس کانفرنس

لاہور: ( روزنامہ دنیا ) لاہور ہائیکورٹ بار ایسو سی ایشن نے سانحہ ماڈل ٹاؤن جوڈیشل انکوائری رپورٹ پر شہباز شریف اور رانا ثنا اللہ کو استعفیٰ دینے کیلئے سات دن کی مہلت دیدی جبکہ عدلیہ مخالف تقاریر پر نواز شریف اور ان کے اہلخانہ کیخلاف قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

لاہور ہائیکورٹ بار ایسو سی ایشن کے سیکرٹری عامر سعیدراں اور دیگر عہدیداروں نے لاہور ہائیکورٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا بار عدلیہ مخالف تقاریر پر نواز شریف اور ان کے اہلخانہ کو لیگل نوٹس بھجوا رہی ہے، نواز شریف اور مریم نواز عوام کو عدلیہ کیخلاف اکسانے پر معافی مانگیں ورنہ قانونی چارہ جوئی کیلئے تیار رہیں، بار عہدیداروں نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کی جوڈیشل انکوائری رپورٹ پر وزیر اعلیٰ شہباز شریف اور وزیر قانون رانا ثنا اللہ سے استعفیٰ کا مطالبہ کرتے ہوئے 7 دن کی مہلت دی۔ انہوں نے مزید کہا کہ بینچ اور بار کے تنازعات میں رجسٹرار ہائیکورٹ بار کا کلیدی کردار ہے، رجسٹرار چیف جسٹس آف پاکستان اور چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو غلط رپورٹ پیش نہ کرتے تو ملتان بار تنازع شدت اختیار نہ کرتا، بار عہدیداروں نے دھمکی دی کہ نواز شریف عدلیہ کیخلاف نکلیں گے تو وکلا نواز شریف کیخلاف اور سپریم کورٹ کے حق میں نکلیں گے۔