بانی پاکستان کا 142 واں یوم پیدائش، مزار قائد پر گارڈز تبدیلی کی تقریب

Published On 25 Dec 2017 09:01 AM 

پاکستان ملٹری اکیڈمی کیڈٹس کے دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھال لیے، گورنر، وزیر اعلی سندھ، صوبائی کابینہ اور میئر کراچی نے بھی مزار قائد پر حاضری دی۔

 کراچی: (دنیا نیوز) بابائے قوم کے یوم پیدائش پر مزار قائد پر گارڈ ز کی تبدیلی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ پاکستان ملٹری اکیڈمی کیڈٹس کے دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔ گورنر، وزیر اعلی سندھ، صوبائی کابینہ اور میئر کراچی نے بھی مزار قائد پر حاضری دی۔

بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے 142 واں یوم ولادت ملک بھر میں انتہائی عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔ میجر جنرل اختر نواز ستی کمانڈنٹ پاکستان ملٹری اکیڈمی نے پریڈ کا معائنہ کیا، مزار قائد پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ تقریب میں شرکا ء نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ یوم پاکستان، یوم آزادی اور یوم ولادت قائد اعظم پر سال میں تین بار گارڈز کی تبدیلی کی تقریب ہوتی ہے۔ اس بار پاکستان ائیر فورس نے پاکستان ملٹری اکیڈمی کو گارڈ فرائض سپرد کئے۔

 مزار قائد پر گورنر سندھ، وزیر اعلی سندھ، صوبائی کابینہ اور میئر کراچی سمیت دیگر اہم شخصیات نے بھی حاضری دی۔ گورنر سندھ نے کہا آج کا دن ہمیں اپنے عظیم قائد کی طرح ملک و قوم کے لئے انتھک محنت کا درس دیتا ہے۔ قائد اعظم محمد علی جناح کے وژن پر عمل کر کے ہی ملک کو تیز رفتار ترقی کی راہ پر گامزن کیا کا سکتا ہے۔ وزیراعلی سندھ کا کہنا تھا کہ دعا یہی ہے کہ جناح صاحب کے اقوال پر ملک کا مستقبل روشن کریں۔ مراد علی شاہ نے کہا اقلیتی برادری کے ساتھ مل ان کی خوشیوں میں بھی شریک ہیں۔ میئر کراچی وسیم اختر نے بھی شہری نمائندوں کے ہمرہ مزار قائد پر حاضری دی۔

بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کا 142 واں یوم پیدائش ملک بھر میں پوری عقیدت و احترام اور ملی جذبے سے منایا جا رہا ہے۔ ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں نماز فجر کے بعد ملک وقوم کی سلامتی اور ترقی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ بانی پاکستان کی روح کے ایصال ثواب کے لیے قرآن خوانی کی گئی۔ آج ملک بھر میں عام تعطیل ہے۔ قائداعظم کی قیام پاکستان کے لیے جدوجہد اور پیغامات کی روشنی کے حوالے سے مختلف سیمینارز کا انعقاد ہوگا۔