نور خان ایئر بیس پر ایئر مارشل (ر) اصغر خان کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی

Published On 06 Jan 2018 09:35 AM 

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات، ایئرچیف سہیل امان اور نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی کی نماز جنازہ میں شرکت

 راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک فضائیہ کے معمار اصغرخان کی نماز جنازہ نور خان ایئربیس پر ادا کر دی گئی۔ ایئر مارشل ریٹائرڈ اصغر خان کے جسد خاکی کو نور خان ایئربیس راولپنڈی لایا گیا جہاں پر پی اے ایف کے چاک و چوبند دستے نے سلامی دی۔ نماز جنازہ میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات، ایئرچیف مارشل سہیل امان، نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔

وفاقی کابینہ کے اراکین، تینوں فورسز کے حاضر سروس اور ریٹائرڈ افسران اور ممتاز شخصیات بھی نماز جنازہ میں شریک تھیں۔ نماز جنازہ کے بعد ایئر مارشل ریٹائرڈ اصغر خان کے جسد خاکی کو ایبٹ آباد کیلئے روانہ کر دیا گیا جہاں پر مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ دن دو بجے تدفین کی جائے گی۔ پاک فضائیہ کے معمار اصغرخان کے انتقال پر آج قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔

یہ خبر بھی پڑھیں:پاک فضائیہ کے سابق سربراہ ایئر مارشل (ر) اصغر خان انتقال کر گئے

ائیر مارشل (ر) اصغر خان کا دل کا دوہ پڑنے سے انتقال ہوا، وہ کئی روز سے سی ایم ایچ راولپنڈی میں زیرعلاج تھے ان کی عمر 97 برس تھی۔ اصغر خان 1957ء میں پاک فضائیہ کے پہلے مقامی سربراہ تعینات ہوئے انہیں کم عمر ترین ائیرچیف بننے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ قائداعظم نے ائیرفورس کالج رسالپور کا دورہ کیا تو اصغر خان نے خیرمقدم کیا۔ اصغر خان پی آئی اے کے سربراہ بھی رہے۔

اصغر خان نے1969ء میں سیاست میں قدم رکھا اور سیاسی جماعت جسٹس پارٹی بنائی، 1970ء میں پارٹی کا نام تحریک استقلال رکھ دیا۔ 1977ء میں پی این اے تحریک میں نمایاں رہے۔ ضیاالحق کے مارشل لاء کے ابتدائی برسوں میں نظر بند بھی رہے۔ 2012ء میں تحریک استقلال کو تحریک انصاف میں ضم کر دیا۔