لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ نے دنیا نیوز سے خصوصی بات چیت میں کہا کہ مال روڈ پر احتجاج کی اجازت نہیں ہے، متبادل جگہ فراہم کرنے کو تیار ہیں، مال روڈ پر احتجاج پر پابندی عدالت عالیہ کے احکامات کے تحت عائد ہے۔
رانا ثناء اللہ نے مزید کہا کہ مال روڈ پر اپنے آخری احتجاج میں عوامی تحریک نے عدلیہ کو آئندہ ایسا نہ کرنیکی یقین دہانی کرائی تھی، مال روڈ پر احتجاج کا مقصد عوام کے کاروبار اور ٹریفک کے نظام کو درہم برہم کرنا ہے، سرکاری ملازمین کو اپنے دفاتر اور بچوں کو سکول، کالج آنے جانے سے روکنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کے خلاف احتجاج کی اجازت نہیں دیں گے، اس احتجاج کا مقصد کوئی نہیں ہے، یہ بڑے ایجنڈے کا حصہ ہے، حضرت صاحب پاکستان صرف احتجاج اور انتشار کی غرض سے آتے ہیں،وہ اپنا یہ شوق اپنے اصل ملک کینیڈا میں آزما کر دیکھیں۔
رانا ثناء اللہ نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کیونکر مولوی صاحب کے پیچھے کھڑی ہیں، عوام جانتے ہیں، حکومتی رٹ پر کسی کو اثر انداز نہیں ہونے دیں گے، عوام کے جان و مال کا ہر قیمت پر تحفظ کریں گے۔