راستے بند ہونے سے اسکول و دفاتر جانے والوں کو مشکلات کا سامنا، زرداری اور کپتان کی ایک ساتھ شرکت کا فیصلہ ایکشن کمیٹی آج کرے گی۔
لاہور: (دنیا نیوز) لاہور میں حکومت کے خلاف متحدہ اپوزیشن کے پاور شو کی تیاریاں جاری ہیں، صوبائی حکومت کے احکامات نظر انداز کرتے ہوئے چیئرنگ کراس پر کنٹینر لگا دیے گئے ہیں۔
سانحہ ماڈل ٹاؤن پر عوامی تحریک کل لاہور میں احتجاج کر رہی ہے۔ مال روڈ کو کنٹینر لگا کر ٹریفک کے لیے مکمل بند کر دیا گیا جس کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ چیئرنگ کراس پر احتجاج کیلئے 30 ہزار کرسیاں لگا ئی جا رہی ہیں اور 80 فٹ لمبا اسٹیج بھی بنایا جا رہا ہے۔ پنڈال جی پی او چوک تک بنے گا۔ مرکزی قیادت کے لئے مرکزی اسٹیج کے سامنے 200 صوفے لگائے جائیں گے۔ متحدہ اپوزیشن نے مال روڈ سے حکومت گراؤ تحریک کے آغاز کا اعلان کیا ہے، طاہر القادری کل اگلے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔
اسٹئرنگ کمیٹی کا اجلاس
دوسری جانب سربراہ عوامی تحریک ڈاکٓٹر طاہرالقادری کی زیرصدارت منہاج القرآن سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں سٹرینگ کمیٹی کی تشکیل کردہ ایکشن کمیٹی کا دوسرا اجلاس جاری ہے، ایکشن کمیٹی میں 7 جماعتوں کے 7 ممبر شامل ہیں۔ اجلاس میں تحریک انصاف سے جہانگیر ترین، پیپلز پارٹی سے قمرزمان، عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید، جماعت اسلامی اور دیگر جماعتوں کے نمائندگان شریک ہیں۔ ایکشن کمیٹی کل کے ہونے والے احتجاج کا انتظامی جائزہ لے رہی ہے۔