کابل حکومت کا اپنے 40 فیصد علاقے پر کنٹرول نہیں: ملیحہ لودھی کا سلامتی کونسل سے خطاب
نیویارک: (دنیا نیوز) پاکستان نے سلامتی کونسل میں افغانستان سے متعلق امریکی الزمات مسترد کر دیئے۔ ملیحہ لودھی کا کہنا ہے امریکا، افغان مسئلے کے حق میں حقیقت کا راستہ اختیار کرے، امریکا کا طاقت سے پالیسی کو کامیابی سمجھنا خود فریبی ہوگا۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے امریکی الزامات کا بھرپور جواب دیتے ہوئے امریکا پر واضح کیا کہ وہ پاکستان پر الزمات کی بجائے افغانستان کے اندر فوکس کرے۔ انہوں نے کہا کہ افغان حکومت کا اپنے 40 فیصد علاقے پرکنٹرول نہیں ہیں، ایسے حالات میں افغان باغیوں کو کہیں اور جانے کی کیوں ضرورت پیش آئے گی، ہم طالبان سے بھی کہتے ہیں کہ تشدد چھوڑ کر مذاکرات کا راستہ اختیار کریں۔
ملیحہ لودھی نے بھارتی مندوب کے الزام کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان پر خاص مائنڈ سیٹ کا الزام لگانے والے اپنے گریبان میں بھی جھانکیں۔ انہوں نے کہا بھارتی جاسوس کلبھوش کی گرفتاری پاکستان میں بھارتی مداخلت کا کھلا اظہار ہے۔
اس سے قبل سلامتی کونسل اجلاس میں امریکی سیکرٹری آف سٹیٹ جان سولیون نے پاکستان پر پھر دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کے الزامات عائد کیے تھے۔