انتظار کیس: جے آئی ٹی کی تشکیل پر اختلافات، نئے نوٹیفکیشن کیلئے وزارت سے رابطہ

Published On 29 Jan 2018 06:52 PM 

کراچی: (دنیا نیوز) شہر قائد میں انتظار قتل کیس تفتیش کاروں کے درمیان فٹ بال بن گیا ہے۔ سی ٹی ڈی کے نوٹیفکیشن پر جے آئی ٹی کی تشکیل کے بعد اختلافات سامنے آ گئے ہیں۔ محکمہ داخلہ کو نیا حکم نامہ جاری کرنے کیلئے خط لکھ دیا گیا ہے۔

کراچی میں پولیس کے ہاتھوں مارے جانے والے 2 نوجوانوں نقیب اللہ اور انتظار کے کیسز سے متعلق سی ٹی ڈی افسران کا اہم اجلاس ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی ثناء اللہ عباسی کی صدارت میں ہوا۔ اجلاس میں راؤ انوار کی گرفتاری کے لئے بنائی گئی خصوصی ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا جبکہ انتظار قتل کیس میں جے آئی ٹی کا از سر نو نوٹیفکیشن جاری کروانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ قائم مقام ڈی آئی جی سی ٹی ڈی نے اجلاس کے بعد بتایا کہ انتظار قتل کیس میں ایک ڈاکٹر کا بیان بھی لیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: انتظار کیس: لڑائی پر قتل کا دعویٰ مسترد، والدین کی چیف جسٹس سے نوٹس کی اپیل

2 گھنٹے سے زائد دورانیے تک جاری رہنے والے اجلاس میں سی ٹی ڈی آپریشن اور انویسٹیگیشن افسران نے شرکت کی۔ دوسری جانب نقیب اللہ قتل کیس کے 2 گواہوں نے ملیر کورٹ میں اپنا بیان قلمبند کروا دیا جس میں انہوں نے بتایا کہ انہیں گرفتاری کے بعد بدترین تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور پھر رہا کر دیا گیا۔ بعد میں انہیں علم ہوا کہ نقیب اللہ کو مقابلے میں مار دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: انتظار کیس: 15 دن بعد سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آ گئی