شیخ رشید نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی نااہلی کیلئے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کردی

Published On 03 Feb 2018 03:52 PM 

اسلام آباد (دنیا نیوز) عوامی مسلم کے سربراہ شیخ رشید نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو نا اہلک قرار دینے کیلئے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کردی۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں شیخ رشید نے وزیراعظم کے خلاف درخواست دائر کی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ حکومت نے ایل این جی معاہدے میں قوانین اور سپریم کورٹ کی ہدایات کو مدنظر نہیں رکھا ۔درخواست میں کہا گیا کہ غیر قانونی معاہدے کے ذریعے پاکستان کو اربوں ڈالر کا نقصان ہوا ۔

شیخ رشید نے شاہد خاقان پر بطور وزیر پٹرولیم ، اہل این جی معاہدے کیلئے ایم ڈی پی ایس او اور ڈی جی سوئی سدرن پر ناجائز دباؤ ڈالنے، مال بنانے اور قومی خزانے کو اربوں ڈالر کا نقصان پہچانے کے الزامات عائد کئے۔ 

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے عدالت عظمیٰ سے موجودہ چیئرمین اوگرا کو بھی ہٹانےاور عہدے پر کسی اہل اور ایماندار شخص کو لگانےکی بھی درخواست کی ہے۔

سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کا نہال، طلال اور دانیال سب بد حال ہیں، مریم نواز اور نواز شریف سمیت یہ سب جیلوں کا مٹیریل ہیں۔ کل جو کچھ لیگی رہنما ئوں نے کہا، اس پر ڈوب مرنا چاہیئے۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال اگست میں شیخ رشید نے نے مہنگی ایل این جی کا معاہدہ کرنے پر الیکشن کمیشن میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی نااہلی کی درخواست دائر کی تھی۔ شیخ رشید نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا تھا کہ مہنگی ایل این جی خریدنے میں شاہد خاقان عباسی سمیت بڑے بڑے لوگ ملوث ہیں۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ایل این جی معاہدے کے بعد وزیراعظم شاہد خاقان عباسی صادق اور امین نہیں رہے، معاہدے میں 200 ارب روپے کا گھپلا کیا گیا اور دنیا کی سب سے مہنگی ترین ایل این جی کا معاہدہ کیا گیا، اس میں شاہد خاقان عباسی اور بہت سے ٹائیکون آپس میں پارٹنر ہیں۔