لاہور: گیس ریفلنگ کے دوران سلنڈر دھماکہ، آگ بھڑک اٹھی، فرنیچر مارکیٹ خاکستر

Published On 04 Feb 2018 09:46 PM 

لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی دارالحکومت کے علاقے جوہر ٹاؤن میں ایل پی جی گیس ری فلنگ کے دوران سلنڈر پھٹنے سے آگ لگ گئی جس نے قریبی فرنیچر مارکیٹ کو جلا کر خاک کر دیا۔

لاہور کے علاقہ جوہر ٹاؤن میں گیس سلنڈر ایک بار پھر موت کا سامان بن گیا۔ حاکم چوک کے قریب ایل پی جی گیس ریفلنگ کی دکان میں سلنڈر دھماکے سے لگنے والی آگ ملحقہ فرنیچر مارکیٹ میں پھیل گئی۔ اطلاع ملنے پر امدادی ٹیمیں اور پولیس موقع پر پہنچ گئی جنہوں نے امدادی کارروائیاں شروع کیں اور 3 گھنٹوں کی کوشش کے بعد آگ پر مکمل طور پر قابو پا لیا۔



آگ لگنے سے 2 موٹر سائیکلیں، ایک گاڑی اور کروڑوں روپے مالیت کا فرنیچر جل کر راکھ ہو گیا۔ مقامی تاجروں نے آگ بڑھنے کا ذمہ دار ریسکیو ٹیموں کی تاخیر سے آمد کو قرار دیا۔ تاجروں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ان کے نقصان کے ازالے میں ان کی مدد کرے۔



3 گھنٹوں کی امدادی کارروائیوں کے دوران دھوئیں کے باعث 5 افراد کی حالت غیر ہو گئی جنہیں طبی امداد کے لئے جناح ہسپتال منقتل کر دیا گیا ہے۔ پولیس کی جانب سے واقعے کے مختلف پہلوؤں پر تحقیقات ہو ر ہی ہیں۔