میاں صاحب! آپ دھرتی پر بوجھ بن گئے تھے، اسلئے آپ کو نکالا گیا: زرداری

Published On 04 Feb 2018 10:50 PM 

لاہور: (دنیا نیوز) آصف زرداری نے نواز شریف کے سوالات کا جواب دے دیا، کہتے ہیں آپ دھرتی پر بوجھ بن گئے تھے، اس لئے آپ کو نکالا گیا، میاں صاحب! یہ دھرتی بھی آپ کو قبول کرنے کو تیار نہیں۔

آصف زرداری نے اپنے بیان میں کہا کہ شہباز شریف کی سوچ لاہور تک محدود ہے، نواز شریف پاکستان نہیں، جی ٹی روڈ کے وزیر اعظم تھے، شہباز شریف پنجاب نہیں، لاہور کے وزیر اعلیٰ ہیں، تخت رائیونڈ نے بلوچستان کو اپنی کالونی بنا رکھا تھا، بلوچوں کو ساتھ لے کر چلیں گے۔

سابق صدر نے مزید کہا کہ سینیٹ میں اکثریت حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، آصفہ بھٹو انتخابی میدان میں آ رہی ہیں، بہت پہلے کہا تھا کہ نواز شریف گریٹر پنجاب کا نعرہ لگائے گا، نواز شریف نے اپنا موازنہ شیخ مجیب سے کیا، نواز شریف کو کشمیر نہیں بھارت سے تجارت عزیز ہے، شریف خاندان نے ملک کو معاشی طور پر تباہ کر دیا ہے، ملک کو قرضوں کے بوجھ تلے دبا دیا گیا، یہ گناہ ناقابل معافی ہے۔

آصف زرداری کا یہ بھی کہنا تھا کہ پانی اور صحت کی سہولتیں دینے کی بجائے سڑکیں بنائی گئیں، سڑکیں بھی مخصوص علاقوں میں بنائی جا رہی ہیں، حکمران سمجھتے ہیں کہ سڑکوں پر لگا پیسہ نظر آتا ہے اور پانی کے منصوبوں پر لگا پیسہ دفن ہو جاتا ہے، دکھاوے سے ہٹ کر حکمران کوئی منصوبہ بنانے کو تیار نہیں۔


چودھری برادران کے اعزاز میں عشائیہ


بعد ازاں، سابق صدر آصف زرداری سے چودھری برادران نے بلاول ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں چودھری شجاعت اور پرویز الہٰی نے سینیٹ الیکشن پر بات چیت کی۔ اس موقع پر بات کرتے ہوئے چودھری شجاعت نے کہا کہ سینیٹ انتخاب کیلئے مشترکہ حکمت عملی تیار کی جائے گی۔



آصف زرداری نے چودھری برادران کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔ یاد رہے کہ چودھری برادران نے آج پی ٹی آئی وفد سے بھی سینیٹ انتخابات پر مذاکرات کئے ہیں۔