کراچی: (دنیا نیوز) نقیب قتل کیس میں مفرور سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کی گرفتاری کا ٹاسک ایڈیشنل آئی جی سندھ کو دے دیا گیا۔ ٹیم کو تفتیش کے لیے تمام ذرائع استعمال کرنے کی اجازت دے دی گئی۔
ذرائع کے مطابق آفتاب پٹھان کی سربراہی میں نئی تفتیشی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔ دو روز قبل آفتاب پٹھان کے دفتر میں اجلاس بھی طلب کیا گیا تھا جس میں تفتیشی ٹیم کے تمام ارکان اور سندھ پولیس کی ذیلی برانچ کے نمائندوں نے شرکت کی۔
تفتیشی ٹیم نے راؤ انوار کی گرفتاری سے متعلق پیش رفت اور تمام اقدامات سے آگاہ کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ سابقہ اور نئی ٹیم کے ارکان آپس میں رابطے میں رہیں گے جبکہ تفتیشی ٹیم کے کچھ ارکان ہر وقت اسلام آباد میں موجود رہیں گے۔