کراچی: (دنیا نیوز) کراچی کے علاقے کلفٹن میں چائینیز باشندے کی ہلاکت کا مقدمہ سی ٹی ڈی میں درج کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق مقدمہ سرکار کی مدعیت میں نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا ہے۔ مقدمے میں قتل،اقدام قتل اور انسداد دہشتگری کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔ تفتیشی ذرائع کے مطابق واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ پہلے کسی واردات میں استعمال نہیں ہوا تاہم واقعے کی تفتیش جاری ہے۔
خیال رہے کراچی کےعلاقے ڈیفنس زمزمہ پارک کے قریب نامعلوم کار سواروں کی فائرنگ سے چینی باشندہ ہلاک جبکہ دو افراد زخمی ہو گئے تھے۔ ڈی آئی جی ساؤتھ کے مطابق واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا شاخسانہ ہے، چینی باشندے کے سر میں دو گولیاں لگیں ہیں جبکہ جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کے 9 خول ملے۔ پولیس کے مطابق دونوں چینی باشندے چائنہ شپنگ کمپنی کے ملازم ہیں اور لالہ زار میں رہائش پذیر ہیں۔ جائے وقوعہ سے ملنے والے گولیوں کے خول کو فرانزک کے لیے لیبارٹری بھجوا دیا گیا ہے۔