اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سے محسود اور وزیر قبائل کے جرگے نے ملاقات کی۔ جرگے نے نقیب اللہ کے قتل کے ذمہ داران کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا اور وزیر اعظم کو وزیرستان میں قبائل کو درپیش مسائل سے بھی آگاہ کیا۔
وزیر اعظم نے نقیب اللہ کے قاتل کو جلد گرفتار کرنے کی یقین دہانی کرائی اور نقیب اللہ محسود کے نام سے وزیرستان میں کالج تعمیر کرنے کا بھی اعلان کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں قبائلی عوام کی قربانیوں کو سراہتے ہیں اور حکومت آئی ڈی پیز کی آبادکاری میں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔
شاہد خاقان عباسی نے مزید کہا کہ نقیب اللہ کے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، بارودی سرنگوں کے زخمیوں کو معاوضہ فراہم کیا جائے گا اور متاثرہ علاقوں سے بارودی سرنگیں صاف کرنے کا کام تیز کیا جائے گا۔
وزیر اعظم سے مذاکراتی جرگے کی ملاقات میں گورنر خیبر پختونخوا، طارق فضل چودھری اور امیر مقام بھی موجود تھے۔