اسلام آباد: (دنیا نیوز) قصور کی معصوم بچی زینب کے قاتل کو سرعام سزا دینے کی راہ ہموار ہو گئی۔ اسلامی نظریاتی کونسل نے فیصلہ سنا دیا۔
چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر قبلہ ایاز نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زینب کے قاتل کو سرعام سزا دینے کے لئے قانون میں کسی ترمیم کی کوئی ضروت نہیں ہے، سزاؤں کی تشہیر کے لئے ذرائع ابلاغ کو استعمال کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سزا کی سنگینی سے زیادہ سزا کو یقینی بنانا ضروری ہے، ملک کا پورا عدالتی نظام اصلاح طلب ہے اور فوری انصاف والی عدالتوں کا قیام عمل میں لایا جانا چاہئے۔
چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل نے ویلنٹائن ڈے کو بھی مذہبی اقدار کے منافی قرار دے دیا۔ قبلہ ایاز کا کہنا تھا کہ پیغام پاکستان پر عملدرآمد کے لئے قانون سازی کی جائے اور ہائیر ایجوکیشن اسے یونیورسٹیوں کے نصاب اور مکالمے کا حصہ بنائے۔