میانوالی: (دنیا نیوز) وزیراعظم کا کہنا ضمیر خرید کر ایوان میں آنے والا عوامی نمائندہ نہیں ہو سکتا، ووٹ خرید کر سینیٹ میں آنے والوں کو بد نام کر دینگے۔ انہوں نے کہا حکومت سازشوں کا مقابلہ بھی کرتی رہی اور کام بھی کیے، مشکل حالات کے باوجود حکومت نے ترقی کے سفر کو جاری رکھا۔
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ چترال سے گوادر تک منصوبے لگ رہے ہیں، گیس، بجلی، اسپتال، صنعتیں لگ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا تمام منصوبے نواز شریف اور نون لیگ کا تحفہ ہے۔ انہوں نے کہا خیبر پختونخوا میں کسی اور جماعت کی حکومت ہے لیکن جو شہبازشریف نے پنجاب میں کام کیا اس کا کوئی موازنہ نہیں کیا جا سکتا، شہباز شریف کی قیادت میں پنجاب کی ترقی کا کوئی ثانی نہیں ہے۔
شاہد خاقان عباسی نے مزید کہا کہ جولائی 2018 میں ایک بار پھر عوام فیصلہ کریں گے، لوٹ کھسوٹ اور لوگوں کو خریدنے کی سیاست ملکی مفاد کے خلاف ہے، جو لوگ ووٹ خرید کر سینیٹ میں آئیں گے ان کا مقابلہ کریں گے، جو ضمیر خرید کے آئے وہ عوام کا نمائندہ نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا آج سیاست کا مقابلہ پاکستان کے عوام نے کرنا ہے، مسلم لیگ ن نے خدمت اور شرافت کی سیاست کی ہے، خیبرپختونخوا کا صوبہ اور پنجاب کو دیکھ لیں کہاں ترقی ہوئی اور کہاں نہیں، ماضی کی اور ہماری حکومت میں یہ فرق ہے۔