لاہور: (ویب ڈسیک) سعودی دی عرب سے پاکستانیوں کے لئے وہ خوشخبری آ گئی جس کا حج کی خواہش رکھنے والے عازمین کو شدت سے انتظار تھا۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی کے مطابق پاکستان کے حج کوٹے میں 5 ہزار افراد کا اضافہ کر دیا گیا۔ رواں سال ایک لاکھ 84 ہزار 210 پاکستانی فریضہ حج ادا کریں گے۔ ذرائع کے مطابق حج کوٹے میں اضافے سے متعلق وزارت مذہبی امور کو آگاہ کردیا گیا۔
وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کے حالیہ دورہ سعودی عرب کے دوران سعودی وزارت حج کی جانب سے پاکستان کے حج کوٹے میں 5 ہزار افراد کے اضافے کا عندیہ ظاہر کیا گیا تھا اب سعودی عرب کی جانب سے اس کی باضابطہ اطلاع وزارت مذہبی امور کو دے دی گئی ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ پاکستانی حج کوٹے میں 5 ہزار افراد کے اضافے کے بعد رواں سال ایک لاکھ 79 ہزار 210 کی بجائے ایک لاکھ 84 ہزار 210 افراد فریضہ حج ادا کریں گے۔ حج پالیسی کے تحت اضافی کوٹہ پرائیویٹ ٹور آپریٹرز میں تقسیم کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ 26 جنوری کو سرکاری اسکیم کے تحت ہونے والی حج درخواستوں کی قرعہ اندازی کے حوالے سے عدالتوں کے مختلف فیصلوں کے باعث وزارت مذہبی امور تذبذب کا شکار ہوگئی تھی جس کی بنا پر قرعہ اندازی موخر کردی گئی تھی۔ وفاقی سیکریٹری برائے مذہبی امور خالد مسعود کا کہنا تھا کہ جب تک یہ صورتحال واضح نہیں ہوجاتی، کوئی فیصلہ نہیں کیا جائے گا تاہم وزیراعظم کے نوٹس میں یہ بات لائی جائے گی اور حتمی فیصلے کے بعد ہی قرعہ اندازی ہوگی۔ بعدازاں وزارتِ مذہبی امور نے اس معاملے پر سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا تھا۔