پاکستان نے حج کوٹے میں 5 ہزار افراد کا اضافہ کر دیا

Published On 12 Feb 2018 01:09 PM 

حکومتی فیصلے کے بعد اس برس ایک لاکھ چوراسی ہزار دو سو دس پاکستانی فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے جا سکیں گے

اسلام آباد (نیٹ نیوز ) سعودی عرب سے پاکستانیوں کے لئے وہ خوشخبری آ گئی جس کا حج کی خواہش رکھنے والے عازمین کو شدت سے انتظار تھا۔ سرکاری خبر رساں ایجنسی  اے پی پی  کے مطابق پاکستان کے حج کوٹے میں 5 ہزار افراد کا اضافہ کر دیا گیا۔ رواں سال ایک لاکھ 84 ہزار 210 پاکستانی فریضہ حج ادا کریں گے۔

وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کے حالیہ دورہ سعودی عرب کے دوران سعودی وزارت حج کی جانب سے پاکستان کے حج کوٹے میں 5 ہزار افراد کے اضافے کا عندیہ ظاہر کیا گیا تھا اب سعودی عرب کی جانب سے اس کی باضابطہ اطلاع وزارت مذہبی امور کو دے دی گئی ہے۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ پاکستانی حج کوٹے میں 5 ہزار افراد کے اضافے کے بعد رواں سال ایک لاکھ 79 ہزار 210 کی بجائے ایک لاکھ 84 ہزار 210 افراد فریضہ حج ادا کریں گے۔ حج پالیسی کے تحت اضافی کوٹہ پرائیویٹ ٹور آپریٹرز میں تقسیم کیا جائے گا۔