اسلام آباد: (دنیا نیوز) پی آئی اے کے غیر ملکی سی ای او سے متعلق حیرت انگیز انکشافات سامنے آگئے۔ سردار مہتاب نے اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ جرمن سی ای او لگانا بہت بڑی غلطی تھی، برینڈ ہلڈن کی تعلیمی قابلیت ہی ہوا بازی نہیں تھی۔
پی آئی اے کی کارکردگی کے حوالے سے سینیٹ خصوصی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں مشیر ہوا بازی سردار مہتاب نے شرکاء کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ برینڈ ہلڈن کے تمام معاہدے ختم کر دیئے، معاہدے ختم کر کے قومی ایئرلائن کو بڑے نقصان سے بچایا، جرمن سی ای او نے 47 ہزار یورو میں پی آئی اے کا جہاز بیچا، پی آئی اے کے اسی جہاز کی دوبارہ قیمت 14 لاکھ ڈالر لگی۔
مشیر ہوا بازی سردار مہتاب نے انکشاف کیا کہ برینڈ ہلڈن جہاز کے ساتھ ساتھ 6 انجن بھی فروخت کرنے چلا تھا، ایک لاکھ 70 ہزار ڈالر میں 6 انجنوں کا معاہدہ کر رکھا تھا۔