اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیرِ مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عائشہ گلالئی کا بیان محض سیاسی شہرت اور اہمیت حاصل کرنے کی ایک مذموم کوشش ہے۔
وزیرِ مملکت اطلاعات مریم اورنگزیب نے عائشہ گلالئی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ عائشہ گلالئی کا جھوٹ پر مبنی بیان انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے، ان کا بیان محض سیاسی شہرت اور اہمیت حاصل کرنے کی ایک مذموم کوشش ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عائشہ گلالئی نے تحریک انصاف تو چھوڑ دی، مگر اس جماعت کے سربراہ کے سکھائے ہوئے جھوٹ کو نہ چھوڑا، وہ کس کے ایجنڈے پر اداروں میں غلط فہمیاں پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہیں، جھوٹے الزامات لگانے کی بجائے اس لیگی رہنما کا نام بتائیں جس نے اسے سینٹ کا ٹکٹ آفر کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) عائشہ گلالئی کے بے بنیاد اور جھوٹے الزامات کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرے گی۔ مسلم لیگ (ن) کے وفادار اور مخلص کارکنوں کی موجودگی میں ہمیں کسی باہر والے کو ٹکٹ دینے کی نہ ضرورت ہے اور نہ ہی گنجائش ہے۔