سانحہ لیبیا :دو پاکستانیوں کی میتیں آج پہنچیں گی

Published On 18 Feb 2018 01:19 PM 

جاں بحق افراد میں سے مجید حسین کا تعلق گجرات اور محمد لقمان کا تعلق جڑانوالہ سے ہے ، میتیں اسلام آباد ایئرپورٹ پر پہنچیں گی

اسلام آباد (دنیا نیوز ) لیبیا کشتی حادثے میں جاں بحق ہونے والے مزید 2 افراد کی میتیں آج پاکستان پہنچائی جائیں گی۔ ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ لیبیا کشتی سانحے میں جاں بحق ہونے والے 2 پاکستانیوں کی میتیں آج شام 4 بجے فلائٹ نمبر ایس وی 0722 کے ذریعے اسلام آباد کے ایئر پورٹ پر لائی جائیں گی۔

مجید حسین ولد طالب حسین کا تعلق گجرات سے ہے جبکہ محمد لقمان ولد محمد اجمل کا تعلق جڑانوالہ سے ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ میتوں کی لواحقین کو حوالگی کے لئے دفتر خارجہ کے دو افسران کو ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ اس سے پہلے گیارہ پاکستانیوں کی میتیں وطن لائی جا چکی ہے۔