اسلام آباد: (دنیا نیوز) لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے مزدور شہید پر پاکستان نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر دفتر خارجہ طلب کر کے سخت احتجاج کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لائن آف کنٹرول کے راولا کوٹ اور ستوال سیکٹرز میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے دریائے پونچھ کے کنارے کام کرتا مزدور شہید ہو گیا۔ پاکستان نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو دفتر خارجہ طلب کر کے سخت احتجاج کیا۔ پاکستان نے واضح کیا کہ ایسے اقدامات ناقابل قبول ہیں۔
ڈی جی ساؤتھ ایشیا ڈاکٹر فیصل نے احتجاجی مراسلہ جے پی سنگھ کے حوالے کیا جس میں دو ٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے بھارت پر واضح کیا گیا ہے کہ پاکستان کے تحمل کے باوجود انڈٰین کی جانب سے مسلسل سول آبادی کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
مراسلے میں کہا گیا کہ معصوم شہریوں پر فائرنگ اور گولہ باری انسانی اقدار اور عالمی قوانین کے منافی ہے۔ 2018ء میں بھارت 391 بار ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کر چکا ہے۔ بھارتی فائرنگ سے 16 شہری شہید، 65 زخمی ہوئے جبکہ بھارت نے 2017ء میں بھی 1970 مرتبی سیزفائر کی خلاف ورزی کی۔