لودہراں : (دنیا نیوز) دنیا پور میں جوہڑ سے 6 سال کی بچی کی لاش ملنے کے بعد پولیس نے مشتبہ افراد سے تفتیش شروع کر دی، ابتدائی میڈیکل رپورٹ میں بچی سے زیادتی کی تصدیق ہو گئی ۔
نور پیر کے رہائشی شیخ جمیل کی 6 سالہ بیٹی عاصمہ بی بی لاپتہ ہوئی، اغوا کا مقدمہ دوسرے روز ہی درج کر لیا گیا۔ چار روز تک بچی باز یاب نہ ہو سکی اور گزشتہ روز لاش بستی کے جوہڑ سے مل گئی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر بچی کی لاش نکال کر ٹی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دی۔
ڈی پی او لودھراں کا کہنا تھا بچی کو زیادتی کے بعد قتل کیا گیا ہے ، کچھ مشکوک افراد زیر حراست ہیں جن سے تفتیش کی جا رہی ہے۔ عاصمہ کے ڈی این اے ٹیسٹ کے لیے سیمپل فرانزک لیب بھجوا دیئے گئے۔ ڈی پی او امیر تیمور کا کہنا ہے ابتدائی میڈیکل رپورٹ میں بچی سے زیادتی ثابت ہوئی ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کچھ مشکوک افراد زیر حراست ہیں جن سے تفتیش کر رہے ہیں۔