اسلام آباد: (دنیا نیوز) مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس آج ہوگا ، اجلاس میں کراچی شہر کے منصوبے کے فور کے تحت اضافی پانی کی فراہمی ، کے پی اور پنجاب کو ادائیگیوں کے معاملے سمیت 11 نکاتی ایجنڈے کا جائزہ لیا جائے گا۔
وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں دیگر کے علاوہ چاروں صوبوں کے وزرائے اعلی بھی شرکت کریں گے ، اجلاس میں 24 نومبر 2017 کے کونسل اجلاس کے فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا جائے گا۔ کونسل ایل این جی ، کے پی اور پنجاب کو ادائیگیوں کے معاملہ کا بھی جائزہ لے گی، کونسل سی پیک کے تحت خصوصی اقتصادی زونز کی ترقی کا بھی جائزہ لے گی۔
کونسل واٹر پالیسی ،کراچی شہر کو کے فور کے تحت کے پانی کی اضافی فراہمی پر بھی غور کرے گی۔ مشترکہ مفادات کونسل بلوچستان کے توانائی کے مسائل ، نیشنل میٹرالوجی انسٹی ٹیوٹ کے قیام کا بھی جائزہ لے گی۔ نیپرا کی دو سال کی رپورٹس ، قومی ہم آہنگی پالیسی کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔