حج کوٹا: تمام مقدمات اسلام آباد ہائیکورٹ منتقل کرنے کی ہدایت

Published On 26 Feb 2018 05:05 PM 

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ نے حج کوٹا سے متعلق تمام ہائیکورٹس میں زیرِ التوا مقدمات اسلام آباد ہائیکورٹ منتقل کرنے کی ہدایت کر دی۔ عدالتِ عالیہ کو حکم دیا گیا ہے کہ تمام مقدمات یکجا کرتے ہوئے دو ہفتوں میں فیصلہ سنایا جائے۔

سپریم کورٹ میں حج کوٹا کیس کی سماعت ہوئی جس میں تمام ہائیکورٹس میں زیرِ التوا مقدمات اسلام آباد ہائیکورٹ منتقل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے عدالتِ عالیہ کو دو ہفتوں میں فیصلہ کرنے کا حکم دیدیا گیا ہے۔ فیصلے تک حج قرعہ اندازی کی اجازت کے لیے حکومتی درخواست مسترد کر دی گئی ہے۔

دورانِ سماعت ڈپٹی اٹارنی جنرل نے استدعا کی کہ حج کیلئے قرعہ اندازی کی اجازت دے دیں جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ حج پالیسی سے متعلق ہائیکورٹس میں مقدمات زیرِالتو ہیں، اس حوالے سے متضاد فیصلے آ سکتے ہیں، تمام ہائی کورٹس سے مقدمات اسلام آباد ہائی کورٹ منگوا لیتے ہیں۔ چیف جسٹس نے حج کوٹہ سے متعلق تمام مقدمات اسی ہفتے اسلام آباد ہائی کورٹ منتقل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے معاملہ نمٹا دیا۔