اسلام آباد: (دنیا نیوز) کنٹرول لائن پر بھارتی جارحیت سے تیرہ سالہ لڑکا شہید ہو گیا، بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو دفتر خارجہ بلا کر احتجاجی مراسلہ حوالے کیا گیا۔
بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر جے پی سنگھ کو دفتر خارجہ طلب کر کے کنٹرول لائن پر فائرنگ سے لڑکے کی شہادت پر شدید احتجاج کیا گیا ہے۔ ڈی جی ساؤتھ ایشیا و سارک ڈاکٹر محمد فیصل نے احتجاجی مراسلہ جے پی سنگھ کے سپرد کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کی بردباری کے باوجود بھارتی فوج مسلسل فائر بندی کی خلاف ورزیاں کر رہی ہے۔ شہری آبادی کو نشانہ بنانا عالمی قوانین کے منافی، قابل مذمت اور ناقابل برداشت ہے۔ بھارت جنگ بندی کی خلاف ورزی بند کرے اور اقوام متحدہ فوجی مبصر مشن کو اپنا کام کرنے دے۔
خیال رہے کہ بھارتی فورسز کی نکیال سیکٹر کے گاؤں تھروٹی ناری پر فائرنگ سے 13 سالہ محمد زین شہید ہو گیا تھا۔ بھارت نے رواں سال فائر بندی کی 400 سے زائد خلاف ورزیاں کیں جس سے 18 شہری شہید اور 68 زخمی ہو چکے ہیں۔