ایف اے ٹی ایف نے پاکستان کو جون سے گرے لسٹ میں شامل کر دیا: دفتر خارجہ

Published On 28 Feb 2018 01:12 PM 

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے ایف اے ٹی ایف نے پاکستان کو جون سے گرے لسٹ میں شامل کر دیا ہے مگر بلیک لسٹ ہونے کا خطرہ نہیں ، عالمی تنظیم جو اقدامات کہے گی کریں گے۔

ڈاکٹر فیصل نے میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہا بھارت کی پاکستانی فنکاروں پر پابندی سے ثابت ہو گیا کہ وہاں ڈیموکریسی نہیں شیمو کریسی ہے، بھارتی آرمی چیف جنگی جنون میں مبتلا ہیں ۔ انہوں نے کہا بھارتی آرمی چیف کا جارحانہ بیان بدقسمتی سے بھارتی معاشرے میں بڑھتے جنگی جنون کا عکاس ہے ، پاکستان اب تک ایسی بیان بازی پر تحمل کا مظاہرہ کر رہا ہے تاہم پاکستان کی مسلح افواج کسی بھی بیرونی جارحیت سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ حسین حقانی کے حوالے سے سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرامد کیلئے جو ہو سکا کریں گے ، جی ایس پی سٹیٹس کو آسیہ بی بی کی رہائی سے منسلک کئے جانے کا معاملہ صرف خبروں تک ہے۔ انہوں نے کہا نیشنل سکیورٹی کمیٹی نے خارجہ پالیسی میں تبدیلی اور ریجنل ممالک کے ساتھ تعاون بڑھانے کا کہا ہے۔