کراچی: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ملک کا معاشی استحکام کراچی کے امن سے مشروط ہے۔ شہر کیساتھ صوبے بھر میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کور ہیڈ کوارٹرز کراچی کا دورہ کیا جہاں انھیں صوبے اور کراچی کی سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ سپہ سالار نے شہرِ قائد میں قیامِ امن پر سندھ رینجرز کے کردار کی تعریف کی۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ کراچی پاکستان کا معاشی مرکز ہے، ملک کا استحکام کراچی کے امن سے ہی مشروط ہے، شہر کے ساتھ صوبے بھر میں حالات معمول پر رکھنے کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملیر گیرژن کا بھی دورہ کیا اور ملکی دفاع اور سیکیورٹی کے لیے جوانوں و افسروں کی قربانیوں کو سراہا۔