اسلام آباد: (دنیا نیوز) حج پر جانے کے خواہشمند حضرات کی انتظار کی گھڑیاں ختم ہوئیں، وزارتِ مذہبی امور نے سرکاری حج سکیم کے تحت 50 فیصد کوٹہ کی قرعہ اندازی کر دی، سرکاری سکیم کے تحت بقیہ کوٹے کی قرعہ اندازی عدالتی فیصلے کے بعد کی جائے گی۔
ایک ماہ تاخیر کے بعد وزارتِ مذہبی امور نے 50 فیصد حج درخواست گزاروں کی قرعہ اندازی کروا دی۔ وزیرِ مملکت پیر امین الحسنات نے سرکاری سکیم کے تحت 50 فیصد کوٹہ میں قرعہ اندازی کیلئے بٹن دبایا۔ بقیہ سرکاری کوٹے پر قرعہ اندازی اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد ہو گی۔
پچاس فیصد کوٹہ کے مطابق قرعہ اندازی میں 87 ہزار 813 خوش نصیب کامیاب قرار پائے، جنہیں ایس ایم ایس اور وزارت کی ویب سائٹ کے ذریعے اطلاع دی جائے گی۔
پیر امین الحسنات نے بتایا کہ بینکوں کو حج درخواستوں کی رقم سود سے پاک رکھنے کی شرط رکھی تھی، سعودی حکومت نے ٹیکس میں اضافہ کر دیا ہے، جتنا وزارت پیکج دے رہی ہے اس سے کم نہیں کر سکتے۔
حکام کے مطابق رواں سال مجموعی طور پر ایک لاکھ 79 ہزار 210 پاکستانی فریضہ حج ادا کریں گے۔ حج کیلئے 3 لاکھ 74 ہزار 857 درخواستیں موصول ہوئیں۔ عمرہ رسیدہ اور مسلسل 3 سال سے منتظر درخواست گزاروں کا کوٹہ عدالتی فیصلہ سے مشروط ہو گا۔