اسلام آباد: ( دنیا نیوز) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس آج طلب کر لیا۔ ذرائع کے مطابق، پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں سینیٹ انتخابات سے متعلق حکمت عملی طے کی جائے گی ، وزیر اعظم ملک کی سیاسی صورتحال پر ارکان کو اعتماد میں لیں گے جبکہ شاہد خاقان عباسی ظہرانہ بھی دیں گے۔
خیال رہے سینیٹ انتخابات کے لیے پولنگ کل ہوگی ۔ پنجاب کی 7 جنرل نشستوں پر 10 امیدوار مد مقابل ہونگے۔ آصف کرمانی، رانا محمود الحسن ، شاہین خالد بٹ ، زبیرگل ، ہارون اختر ، رانا مقبول ، مصدق ملک کو مسلم لیگ ن کی حمایت حاصل ہے، پیپلزپارٹی کے شہزاد علی ، پی ٹی آئی کے چودھری سرور، مسلم لیگ ق کے کامل علی آغا بھی مدمقابل ہونگے۔
ٹیکنو کریٹ کی 2 نشستوں پر 4 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہو گا۔ اسحاق ڈار اور حافظ عبد الکریم کو مسلم لیگ ن کی حمایت حاصل ہو گی جبکہ پی ٹی آئی کے ملک آصف جاوید اور پیپلزپارٹی کے نوازش علی خان میدان میں اتریں گے۔ خواتین کی 2 نشستوں پر سعدیہ عباسی، نزہت صادق، حنا ربانی کھر،عندلیب عباسی امیدوار ہونگی۔ ایک اقلیتی نشست پر کامران مائیکل اور وکٹر عذرایا کے درمیان مقابلہ ہوگا۔