اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیرِ داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ چودھری نثار علی خان سینئر رکن ہیں، ان کی پاکستان مسلم لیگ (ن) سے علیحدگی میں کوئی صداقت نہیں ہے۔
احسن اقبال نے عوام دیکھ رہی ہے کہ مسلم لیگ ن کے ساتھ زیادتی اور ناانصافی ہو رہی ہے، اسی لئے نواز شریف کے خلاف فیصلے آنے پر پارٹی گراف مزید اوپر گیا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرِ داخلہ چودھری احسن اقبال کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جمہوری حکومت کے خلاف کوششیں ایک ایک کر کے ناکام ہو رہی ہیں، نواز شریف کی نااہلی کے بعد کئی قوتوں کا گمان تھا کہ ن لیگ منتشر ہو جائے گی، لیکن ہمارے خلاف فیصلے آنے سے ن لیگ کا گراف اوپر گیا، ن لیگ کے ساتھ زیادتی اور نا انصافی دیکھ کر مقبولیت میں اضافہ ہوا، مسلم لیگ ن کی کارکردگی پر کوئی حرف نہیں لایا جا سکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت مقررہ وقت پر انتخابات کروانے کی طرف بڑھ رہی ہے، یہ پاکستان کو ایک مضبوط مستحکم جمہوری ملک بنانے کی نشانی ہے، اس سے پاکستان کی بین الاقومی سطح پر ساکھ بہتر ہوگی، جس کے معشت پر اچھے اثرات ہونگے۔
سابق وزیرِ داخلہ کی پاکستان مسلم لیگ (ن) چھوڑنے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ چودھری نثار علی خان سینئر رکن ہیں، ان کی پاکستان مسلم لیگ (ن) سے علیحدگی میں کوئی صداقت نہیں ہے۔