بلوچستان کے عوام کو ان کا حق ملے گا، آرمی چیف

Published On 05 Mar 2018 09:48 PM 

راولپنڈی: (دنیا نیوز) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ بلوچستان میں بنیادی سہولیات اور امن کا خواب شرمندہ تعبیر ہو رہا ہے۔ صوبے کی خوشحالی پاکستان کی ترقی کی ضامن ہے۔ آرمی چیف نے دورہ بلوچستان کے دوسرے روز متعدد ترقیاتی منصوبوں کا بھی افتتاح کیا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دورہ بلوچستان کے دوسرے دن ضلع آواران کا دورہ کہا جہاں انہوں نے تربت بلیدہ روڈ کی تعمیر کا افتتاح کیا اور کیڈٹ کالج آواران کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا۔ سپہ سالار نے اس موقع پر قبائلی عمائدین اور فوجی جوانوں سے بھی ملاقات کی۔

سول انتظامیہ اور سیکیورٹی فورسز کے باہمی اشتراک سے ترقیاتی کاموں کو سراہاتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ قومی عزم کے ساتھ ہی صوبے میں استحکام اور ترقی کی منزل حاصل ہو سکے گی۔ خوشحال بلوچستان پروگرام کے تحت بلوچستان کے عوام کو ان کا حق ملے گا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کیڈٹ کالج آواران میں ابتدائی طور پر 800 کیڈٹس کی گنجائش ہو گی جبکہ 300 کیڈٹس کو ہاسٹل کی سہولت میسر ہو گی اور منصوبہ دو سال میں مکمل کیا جائے گا۔ آرمی چیف نے خوشحال بلوچستان کے مختلف پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا۔

وزیرِ اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو اور کمانڈر سدرن کمانڈ عاصم سلیم باجوہ بھی آرمی چیف کے ہمراہ موجود تھے۔ آرمی چیف نے رات تربت میں گزاری جبکہ مکران میلے کی اختتامی تقریب میں بھی شرکت کی۔