گھوٹکی: (دنیا نیوز) سندھ اسمبلی کے حلقہ پی ایس 7 ضمنی انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار عبدالباری پتافی 48 ہزار 114ووٹ لے کر کامیاب ہو گئے ہیں۔
گھوٹکی کے حلقہ پی ایس 7 ضمنی الیکشن کے تمام پولنگ سٹیشنز غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے امیدوار عبدالباری پتافی 48 ہزار 114 ووٹ لے کر کامیاب رہے جبکہ فنکشنل لیگ کے امیدوار عبدالمالک نے 36 ہزار 987 ووٹ حاصل کیے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے عبدالباری پتافی کی مبارکباد پر گھوٹکی کے عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایک بار پھر ثابت ہو گیا ہے کہ نہ میر جو نہ پیر جو ووٹ بینظیر جو ۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ سیاسی یتیموں کے ٹولے کو عبرتناک شکست عوام کی فتح ہے۔ سندھ کے عوام نے 2018ء کے انتخابات کا بھی فیصلہ دے دیا ہے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ فتوحات کا یہ سلسلہ اب ملک بھر میں جاری ہو گا۔ سیاسی بونے اب توبہ کریں اور خواب دیکھنا چھوڑ دیں۔ پیپلز پارٹی کے تمام مخالفیں کو اپنے وزن کا پتہ چل گیا ہے۔ اب ملک میں صرف تیر چلیگا، گھوٹکی ضمنی انتخاب 2018ء کے انتخابات کا ٹریلر ہے۔
پی ایس 7 میں مجموعی طور پر 164 پولنگ سٹیشنز قائم کئے گئے جن میں سے 103 پولنگ سٹیشنز کو حساس قرار دیا گیا تھا۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے بھی سخت اقدامات دیکھنے میں آئے، امن و عامہ کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے 3500 پولیس اور رینجرز کے جوان تعینات کئے گئے۔
پی ایس 7 میں رجسٹرڈ ووٹوں کی تعداد ایک لاکھ 79 ہزار 843 ہے جن میں سے ایک لاکھ 2 ہزار 676 مرد ووٹرز اور 77 ہزار 168 خواتین ووٹرز ہیں۔ یہ نشست پیپلز پارٹی کے سردار احمد علی پتافی کے انتقال پر خالی ہوئی تھی۔