اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے غیر ملکی پارٹی فنڈنگ کیس میں پیپلز پارٹی کی جانب سے جواب کی کاپی تحریک انصاف کو فراہم کرنے کی ہدایت کر دی۔
الیکشن کمیشن میں مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کے خلاف تحریک انصاف کی جانب سے غیرملکی فنڈنگ کی درخواست پر ممبر پنجاب کی سربراہی میں تین رکنی کمیشن نے سماعت کی۔ پیپلزپارٹی کی جانب سے لطیف کھوسہ کمیشن میں پیش ہوئے جبکہ ن لیگ کی جانب سے کوئی پیش نہ ہوا۔ تحریک انصاف کے وکیل فیصل چودھری نے اعتراض اٹھایا کہ ہمیں ابھی تک پیپلزپارٹی کی جانب سے جمع کرائے جانے والے جواب کی کاپی نہیں ملی، جس پر پیپلزپارٹی کے وکیل لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ انہیں ابھی جواب کی کاپی دے دیتے ہیں۔ تحریک انصاف کے وکیل نے کمیشن سے استدعا کی حکم جاری کیا جائےتا کہ ہمیں پیپلزپارٹی کے جواب کی کاپی مل سکے۔ الیکشن کمیشن نے مزید کاروائی 27 مارچ تک ملتوی کر دی۔
سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں لطیف کھوسہ کا کہنا تھا پیپلزپارٹی میں بیرونی فنڈنگ نہیں ہے ، سینیٹ کے الیکشن میں بہت شور پڑا ہے لیکن پی پی کو کامیابی ملی۔ انہوں نے کہا جب مخالفین خود جیت جائیں تو کہتے ہیں شفاف الیکشن ہوئے ہیں اور جب ہار جائیں تو ہارس ٹریڈنگ کی باتیں کرتے ہیں ۔ لطیف کھوسہ نے کہا بلوچستان میں ن لیگ کی بیڈ گورننس کی وجہ سے پیپلزپارٹی کو کامیابی ملی۔