اسلام آباد: (دنیا نیوز) سینیٹ انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ کے الزامات کا الیکشن کمیشن نے نوٹس لیتے ہوئے آٹھ سیاسی رہنماؤں کو طلب کر لیا ہے۔ سیاسی رہنماؤں کو کہا گیا ہے کہ 14 مارچ تک ہارس ٹریدنگ الزامات کے حوالے سے ثبوت پیش کیے جائیں۔
سینیٹ انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ کے الزامات پر الیکشن کمیشن نے حرکت میں آتے ہوئے ملوث افراد کے خلاف کارروائی کا اعلان کر دیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے عمران خان، مریم اونگزیب اور فاروق ستار سمیت آٹھ سیاسی رہنماؤں کو 14 مارچ کو طلب کرنے کے نوٹسز جاری کر دیے ہیں۔
الیکشن کمیشن نے انجنئیر امیر مقام، شہاب الدین، عظمیٰ زاہد بخاری، رضا ہارون اور خواجہ اظہار الحق کو بھی طلب کیا ہے۔ تمام رہنماؤں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ذاتی حیثیت میں یا وکیل کے ذریعے پیش ہوں۔
الیکشن کمیشن کے اعلامیے کے مطابق مختلف اخبارات اور ٹی وی چینلز پر سیاسی جماعتوں کے قائدین اور اراکین کی جانب سے سینیٹ انتخابات میں ہارس ٹریڈنگ کے الزامات عائد کیے گئے۔ الیکشن کمیشن نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے الزامات عائد کرنے والے افراد سے ثبوت مانگے ہیں۔ 14 مارچ تک ثبوت فراہم کیے جائیں تا کہ مبینہ ہارس ٹریڈنگ کرنے والوں کے خلاف کارروائی شروع کی جا سکے۔