بغیر ثبوت کے کسی سینیٹر کو نااہل نہیں کر سکتے، ترجمان الیکشن کمیشن

Published On 06 Mar 2018 09:55 PM 

اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن کے ترجمان نے واضح کیا ہے کہ ثبوت کے بغیر کسی بھی سینیٹرز کیخلاف کوئی کارروائی نہیں ہو گی۔

دنیا نیوز کے پروگرام دنیا کامران خان کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے ترجمان الیکشن کمیشن ہارون شنواری کا کہنا تھا کہ سینیٹ الیکشن میں ہارس ٹریڈنگ کے الزامات کی تحقیقات جاری ہیں اور اس سلسلے میں مختلف سیاسی رہنماؤں کو نوٹسز جاری کر دیے گئے ہیں۔ 8 رہنماؤں کو 14 مارچ کو اپنے الزامات کے ثبوت پیش کرنے کیلئے طلب کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سینیٹ انتخابات میں مبینہ ہارس ٹریڈنگ، الیکشن کمیشن نے نوٹس لے لیا

ہارون شنواری نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے واضح کیا کہ بغیر ثبوت کے کسی سینیٹر کو نااہل نہیں کر سکتے، صرف ثبوت کی بنیاد پر ہی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔