کراچی: (دنیا نیوز) سندھ اسمبلی کے اجلاس میں آج پھر گرما گرمی ہوئی، ڈپٹی سپیکر شہلا رضا اراکین سے الجھتی رہیں۔ کسی کو جھاڑ پلائی تو کسی رکن کا مائیک بند کرا دیا۔ متحدہ کے رکن محمد حسین کو تو ایوان سے ہی باہر نکلوا دیا۔
اجلاس شروع ہوتے ہی متحدہ رکن محفوظ یار خان نے لفظ حذف کرنے کا مطالبہ کر ڈالا جس کے بعد شہلا رضا نے انہیں کھری کھری سنائیں تو محفوظ یار خان واک آوٹ کر گئے۔
ایم کیو ایم کے رکن محمد حسین کے سوال کے دوران شہلا رضا طلملا گئیں۔ تلخ کلامی کے بعد ڈپٹی سپیکر نے محمد حسین کو اسمبلی سے باہر نکالنے کا حکم دے ڈالا، جس کے بعد سارجنٹ ایٹ آرمز نے انہیں باہر نکالا۔
شہلا رضا پی ٹی آئی رکن سے بھی بھڑ گئیں اور خرم شیر زمان کا مائیک بند کرا دیا۔ اپوزیشن اراکین نے شہلا رضا کے رویے پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔