بانی ایم کیو ایم کے نام سے منسوب تمام عمارتوں اور سڑکوں کے نام تبدیل کرنے کی منظوری

Published On 08 Mar 2018 08:01 PM 

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ ایپکس کمیٹی نے کراچی میں بانی ایم کیو ایم کے نام سے منسوب تمام عمارتوں اور سڑکوں کے نام تبدیل کرنے کی منظوری دے دی۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے زیرِ صدارت میں اپیکس کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں کور کمانڈر کراچی، ڈی جی رینجرز سندھ، آئی جی سندھ اور اہم وزراء سمیت دیگر حکام شریک ہوئے۔

اجلاس میں بانی ایم کیو ایم اور ان کے اہلخانہ کے نام سے منصوب سڑکوں اور عمارتوں کے نام تبدیل کرنے کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سٹریٹ کرائم میں ملوث ملزمان کے لئے سخت سزاوں کے قوانین بنانے ہوں گے۔

پولیس کو سول اتھارٹی قرار دینے کے لئے غور ہوا جس پر وزیراعلی نے کہا کہ وہ اس مسئلے پر خود وفاق سے بات کرینگے۔ آئی جی سندھ نے بتایا کہ سیف سٹی پراجیکٹ نیب کی وجہ سے تاخیر کا شکار ہوا۔

اجلاس میں چینی باشندوں کی سیکیورٹی پر تفصیلی غور کیا گیا۔ وزیرِ اعلیٰ سندھ نے کہا جو تاجر چینی باشندوں کو ملک لائے وہ ضابطہ اخلاق کی پابندی کرے۔ اجلاس میں مدارس رجسٹریشن، موٹر سائیکلوں میں ٹریکرز کی تنصیب اور سی پیک کی سیکیورٹی کے حوالے سے اہم فیصلے کئے گئے۔