زینب کے والد نے تحفظ کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست جمع کرا دی

Published On 09 Mar 2018 11:27 AM 

لاہور: (دنیا نیوز) قصور میں جنسی زیادتی کے بعد قتل ہونے والی ننھی زینب کے والد نے تحفظ فراہم کرنے کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست جمع کرا دی۔

قصور میں زیادتی کے بعد قتل ہونے والی ننھی زینب کےوالد حاجی امین انصاری نے سپریم کورٹ میں تحفظ فراہم کرنے کی درخواست جمع کرائی ہے جس میں موقف اپنایا گیا ہے کہ اسے مجرم عمران کے اہلخانہ ہراساں کر رہے ہیں ۔

زینب کے والد نے استدعا کی ہے کہ زینب قتل کیس میں مجرم عمران کے سہولت کاروں سے تفتیش نہیں کی گئی ، عمران کے سہولت کاروں کو گرفتار کیا جائے۔

خیال رہے انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے کوٹ لکھپت جیل میں ملزم عمران کو 7 اے ٹی اے کے تحت سزائیں دیں ، عمران کو زینب کے ساتھ زیادتی ، قتل ، اغواء کرنے پر سزائے موت دی گئی ، بد فعلی پر عمر قید اور 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی ، لاش کو گندگی کے ڈھیر پر پھینکنے پر عمران کو 7 سال قید جبکہ 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا دی گئی۔