اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین سینٹ کے لئے جوڑ توڑ کا سلسلہ جاری ہے ، پیپلز پارٹی نے 57 ارکان سینٹ کی حمایت حاصل کرنے کا دعویٰ کر دیا۔
پیپلزپارٹی کے رہنما ڈاکٹر قیوم سرمرو کا کہنا ہے ہمیں 57 ارکان کی حمایت مل گئی ہے ، مزید ارکان کی حمایت حاصل کرنے کے لئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا پیپلز پارٹی اتحادیوں کے ساتھ چیئرمین سینٹ کے محاذ پر کامیابی حاصل کرے گی۔
دوسری جانب آصف علی زرداری نے بلوچستان کے آزاد سینٹر ز کو آج شام چائے پر بلا لیا ، آزاد سینٹرز شام 5 بجے آصف زرداری سے ملاقات کریں گے جس میں سینٹ کے لئے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کے لئے حتمی پلاننگ ہو گی ، فاٹا کے آزاد سینیٹرز بھی آج رات آصف زرداری سے ملاقات کریں گے، فاٹا سینٹرز کے ساتھ چئیرمین سینٹ کے حوالے سے مشاورت ہو گی۔
خیال رہے سینٹ چیئرمین شپ کے لئے جوڑ توڑ کا سلسلہ رات گئے بھی جاری رہا۔ بلوچستان کے حکومتی گروپ کی جانب سے آزاد سینٹروں میں صادق سنجرانی اور انوار الحق کاکڑ کے ناموں پر غور ہو رہا ہے ، بلوچستان ہاؤس اسلام آباد سارا دن سیاسی سرگرمیوں کا مرکز رہا۔ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے علاوہ سابق صدر آصف علی زرداری اور وزیراعلی کے پی کے پرویز خٹک کی وزیراعلی بلوچستان قدوس بزنجو سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں ہوئیں۔
تحریک انصاف نے اپنے 13 سینٹروں کی حمایت وزیراعلی بلوچستان کے پلڑے میں ڈال دیں، پیپلز پارٹی نے بلوچستان کو ڈپٹی سپیکر شپ کے عہدے کی پیشکش کر دی ۔ رات گئے وزیراعلی کے پی کے پرویز خٹک نے بھی وزیراعلی بلوچستان سے ملاقات اور تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا اہم پیغام وزیراعلی بزنجو کو پہنچایا ۔ بلوچستان حکومت میں شامل اتحادیوں کا اجلاس رات گئے تک جاری رہا جس میں بلوچستان کی جانب سے سینٹ چیئرمین کے عہدے کے لئے ناموں پر غور کیا گیا۔