اسلام آباد: (دنیا نیوز) سینیٹر کرنل ریٹائرڈ طاہر مشہدی نے پارٹی چھوڑنے سے پہلے عوام کے نام کھلے خط میں کہا ہے کہ موجودہ قیادت سے متوسط طبقے کی نمائندگی کی توقع نہیں۔ دونوں گروپ اقتدار کے لیے لڑ رہے ہیں۔
کرنل (ر) طاہر حسین مشہدی نے کہا کہ غریب گھرانوں سے تعلق رکھنے والے افراد پارٹی میں شامل ہو کر آج اقتدار کیلئے دست وگریبان ہیں۔ ایم کیو ایم کی موجودہ قیادت سے متوسط طبقے کی نمائندگی کی توقع نہیں، رہنماؤں کی خود غرضی اور بچگانہ حرکتوں سے مہاجر عوام کے مینڈیٹ کی توہین ہوئی۔
طاہر مشہدی نے کہا کہ رابطہ کمیٹی کے اراکین عوامی اختیار کو پیسہ بنانے اور طاقت کے حصول کے لیے ضائع کر رہے ہیں۔ جھوٹ، دھوکا دہی اور فریب سے عوامی اختیارات کا غلط استعمال کیا گیا۔ ایم کیو ایم پاکستان کی باگ ڈور اب ایماندار، متحرک اور تعلیم یافتہ لوگ سنبھال لیں۔