گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) گوجرانوالہ سیٹلائٹ ٹاون میں واقع سپر سٹور کی چار منزلہ عمارت میں آگ لگ گئی ، آگ بجھانے کیلیے ریسکیو آپریشن جاری ہے، 5 گھنٹوں بعد ریسکیو اہلکاروں نے آگ پر قابو پا لیا لیکن دھویں کے باعث کولنگ میں مشکلات کا سامنا ہے۔
سیٹلائٹ ٹاون میں نرسری چوک کے قریب واقع سپر سٹور کی عمارت میں آگ لگ گئی، آگ نے چار منزلہ عمارت کو پوری طرح اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ ریسکیو اہلکاروں نے 5 گھنٹوں کے آپریشن کے بعد آگ پر قابو پالیا ہے البتہ عمارت کے اندرونی حصے میں کچھ حصوں میں آگ لگی ہوئی ہے۔ عمارت کے اندر شدید دھوئیں کے باعث ریسکیو آپریشن میں مشکلات کا سامنا ہے۔
ریسکیو نے تیسرے درجے کی آگ قرار دیا ہے، آگ لگنے سے سٹور میں موجود کروڑوں روپے مالیت کاسامان جل کر خاکستر ہو گیا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق آگ شارٹ کے باعث لگی، ساڑھے چار بجے سپر سٹور کے باہر موجود سکیورٹی گارڈ نے مالک کو آگ لگنے کی اطلاع دی جس کے بعد ریسکیو کی 9 گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں اور ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا۔ سٹور کے مالک رانا عمر نے دنیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سٹور کے اندر 10 کروڑ روپے سے زائد مالیت کا سامان موجود تھا۔